ٹھاروشاہ کے ہری پور جنازہ گاہ میں کرپشن — مقدس مقام بھی محفوظ نہ رہا۔۔۔۔۔

ٹھاروشاہ (کاشان غفار خانزادہ)

ٹھاروشاہ کے ہری پور جنازہ گاہ میں ورکس اینڈ سروسز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایم پی اے حسن علی شاہ صاحب کے نام پر لگائی گئی پیور بلاک اسکیم سے متعلق نہایت افسوسناک اور شرمناک حقائق سامنے آئے ہیں۔ اس اسکیم میں ٹھیکیدار MPA کے لاڈلے عمیر رشید خانزادہ نے متعلقہ محکمے کے افسران اور انجینئروں کے ساتھ ملی بھگت کر کے کھلے عام کرپشن کی ہے، جس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

افسوس کا مقام یہ ہے کہ جنازہ گاہ جیسی مقدس جگہ، جہاں انسان اپنے آخری سفر کی تیاری کرتا ہے اور جہاں عزت، احترام اور پاکیزگی کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے، وہاں بھی کرپشن کے ہاتھ پہنچ گئے ہیں۔ ناقص مٹیریل، کم معیار کا کام اور پیمائش میں ہیر پھیر کر کے ٹھیکیدار نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے تمام اخلاقی حدیں پار کر لی ہیں۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں ایک دن سب کو اللہ کے سامنے حاضر ہونا ہے، اور جہاں شاید کل اسی ٹھیکیدار کی بھی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، مگر افسوس کہ دنیاوی لالچ میں اس نے اس مقدس مقام کی حرمت کو بھی پامال کر دیا۔

اس قسم کی کرپشن نہ صرف ترقیاتی کاموں کو بے معنی بنا دیتی ہے بلکہ عوام کے بنیادی حقوق پر بھی حملہ ہے۔ اگر ایسے منصوبوں میں شفافیت اور دیانت داری نہ ہو تو پھر عام آدمی کس سے امید رکھے؟ سوال یہ بھی ہے کہ کیا متعلقہ افسران اور انجینئر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہیں یا انہیں بھی اس کرپشن میں برابر کا شریک سمجھا جائے؟

ہم اعلیٰ حکام، احتسابی اداروں اور متعلقہ محکموں سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، تاکہ آئندہ کوئی بھی مقدس مقام کو کرپشن کا نشانہ بنانے کی جرأت نہ کر سکے۔ عوام اب خاموش نہیں رہے گی، سچ اور انصاف کے لیے آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *