ڈیرہ غازی خان بیوروچیف چوھدری احمد سے )
آستانہ عالیہ کے سجادہ نشین، ممتاز مذہبی و روحانی شخصیت حضرت مولانا علامہ صاحبزادہ پیر افتخار الحسن سواگی حسنی نے اپنی رہائش گاہ پر مریدین، معتقدین اور زائرین کے ایک بڑے اجتماع سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا و آخرت کی فلاح صرف اور صرف اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج انسانیت جس اخلاقی زوال، بدامنی اور ذہنی انتشار کا شکار ہے، اس کا واحد حل قرآن و سنت کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنا ہے۔
پیر صاحب نے مریدین کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ مادی دوڑ اور نفسا نفسی کے اس دور میں سکونِ قلب صرف ذکرِ الٰہی اور اطاعتِ رسول ﷺ میں ملتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم اپنے معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر سیرتِ طیبہ کو اپنا مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔
صاحبزادہ پیر افتخار الحسن سواگی حسنی نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو اسلام کی اصل روح سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نشست کے اختتام پر پیر صاحب نے ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان اور زائرین کی خوشحالی کے لیے خصوصی رقت آمیز دعا فرمائی۔