سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دے دی
کراچی (آج) — **سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو باغ جناح (جناح گراؤنڈ) کراچی میں سیاسی جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔ صوبائی وزیر برائے مقامی حکومت ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے جلسے کی درخواست دی تھی اور اسے قانون کے مطابق منظور کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا سندھ میں بھرپور استقبال کیا جائے گا، اور وہ یہاں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔ کسی بھی جماعت کی پر امن سیاسی جدوجہد کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم اگر جلسے کے دوران قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے کورنگی اور ساؤتھ زون میں بھی جلسوں کے لیے درخواستیں دی ہیں جنہیں قانونی تقاضوں کے مطابق منظور کیا جا رہا ہے، اور پی ٹی آئی لیڈرشپ سے کراچی میں جلسے کے انتظامات پر بات چیت جاری ہے
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ چکے ہیں جہاں وہ پارٹی کے کارکنوں سے ملیں گے اور سیاسی ایجنڈے پر عوام سے خطاب بھی کریں گے۔