پنجاب میں بائیکس سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لازمی قرار

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (محمد منصور ممتاز سے)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور جدید سیکیورٹی نظام کے فروغ کے لیے بائیکس سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکیورٹی کے متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر ای ٹیگنگ کے ذریعے نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ نے سات روز کے اندر مائیکرو سیکیورٹی پلان بھی طلب کر لیا۔ اجلاس میں پنجاب سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ کے قیام کی منظوری دی گئی اور سائبر کرائم کا شکار خواتین اور بچیوں کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس یونٹ کے سربراہ کی تعیناتی اور اضلاع میں ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سینٹرز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے غیر روایتی صوبائی داخلی راستوں سے آمدورفت روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے داخلی پوائنٹس پر سرچ لائٹس، ڈرون سرویلنس اور چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سیکیورٹی مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے جدید ڈرون ڈیفنس سسٹم کی فوری خریداری اور غیر قانونی ڈرون کے استعمال کی روک تھام کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کی نشاندہی کے لیے کومبنگ آپریشن جاری رکھنے اور ہجوم سے نمٹنے کے لیے قائم آر ایم پی فورس کی ٹریننگ بہتر بنانے اور جدید آلات فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ یوم حضرت علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی ایس او پیز علما کرام سے مشاورت کے بعد تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور لاہور پولیس کو صورتحال بروقت سنبھالنے پر شاباش دی اور امن و امان کے قیام میں علما کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب کو متحد اور متحرک ہونا ہوگا۔ انہوں نے چیک پوسٹ سے خودکش حملہ آور کے پنجاب میں داخل ہونے کے واقعے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے طریقۂ کار تبدیل ہو چکے ہیں، لہٰذا جدید تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا اور علما کرام امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *