پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان پیکج کے تحت 12500 روپے وصول کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کی شرط ختم کرکے نئے طریقہ کار کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان پیکیج 2026 سے مستفید ہونے والوں پر عائد لازمی بینک اکاؤنٹ کی شرط کو باضابطہ طور پر ختم کردیا ہے، اس حوالے سے صوبائی حکام کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ضرورت مند خاندانوں کے لیے 12500 روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے ساتھ یہ شرط بھی رکھی تھی کہ تمام مستحقین کے پاس بینک اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔
اس فیصلے پر صوبے بھر سے شدید ردعمل سامنے آیا، شہریوں اور مقامی نمائندوں نے اسے غیر حقیقی قرار دیا۔
دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کے لیے بینکنگ کی سہولیات تک رسائی ناممکن طور پر مشکل تھی، جب کہ دیہات میں رہنے والی اکثریت کے پاس نہ تو بینک اکاؤنٹس ہیں اور نہ ہی وہ بینکنگ کے پیچیدہ طریقہ کار سے واقف ہیں۔
نیا اور آسان طریقہ کار
حکومت نے رجسٹریشن کے عمل میں درج ذیل تبدیلیاں کی ہیں، جس کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کو اب بینک اکاؤنٹ کی بجائے ان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور موبائل فون نمبر کی بنیاد پر رجسٹر کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے صوبے کے ان ہزاروں خاندانوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جو بینک اکاؤنٹ نہ ہونے کی وجہ سے امداد سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار تھے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ اس نئے طریقہ کار سے شفافیت بڑھے گی، زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے گی اور بروقت مالی امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔