( ڈیرہ غازی خان چوھدری احمد سے )
جنوبی پنجاب کے اہم طبی ادارے Sardar Fateh Muhammad Khan Buzdar Institute of Cardiology کے سینیئر ماہر امراض قلب ڈاکٹرعبدالستار خان بلوچ نے دل کے مریضوں کے لیے ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے بروقت تشخیص اور جدید علاج کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ڈاکٹر عبدالستار خان بلوچ نے ڈاکٹر محمد عامر اور ڈاکٹر جاوید احمدانی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دل کی شریانوں میں رکاوٹ کا درست پتہ لگانے کے لیے انجیوگرافی ایک محفوظ اور مؤثر طریقہ کار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو انجیوگرافی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ جدید مشینری کے ذریعے یہ عمل چند منٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر شریانوں میں تنگی ہو تو اسٹنٹ ڈالنے کا بروقت فیصلہ مریض کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ڈاکٹر عبدالستار خان بلوچ نے دل کے مریضوں کو ہدایت کی کہ وہ خون پتلا کرنے والی ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں کیونکہ ایک دن کا ناغہ بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے متوازن خوراک اختیار کرنے، چکنائی اور زیادہ نمک سے پرہیز کرنے اور سینے میں درد، بوجھ یا غیر معمولی پسینہ آنے کی صورت میں فوری طور پر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔
ماہر امراض قلب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عطائیوں اور غیر مستند علاج سے بچیں اور دل کی بیماری کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے ہی مشورہ کریں تاکہ دل کے امراض سے ہونے والی اموات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔
ڈاکٹرعبدالستار خان بلوچ دل کے مریضوں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہی دے رہے ہیں۔