جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات، 1024 پولیس افسران و اہلکار، شہباز رینجرز، سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ ڈیوٹی پر تعینات۔
ایس ایس پی جیکب آباد کپتان (ر) فیضان علی کی ہدایات پر 21 رمضان المبارک / یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اور مؤثر سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔
سکیورٹی پلان کے مطابق ضلع جیکب آباد میں 11 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 05 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔ ان تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 1024 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہباز رینجرز بھی پولیس کے ساتھ سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 03 ریزرو پلاٹونز کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر معمور ہیں جو حساس مقامات، مجالس اور جلوسوں کی نگرانی اور سویپنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے مرکزی ماتمی جلوس کی گزرگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عزاداروں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
مرکزی جلوس کے راستوں اور اطراف کی گلیوں میں پولیس کی جانب سے سکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے جبکہ جلوس کے روٹس پر آنے والی مختلف گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا ہے تاکہ غیر متعلقہ آمدورفت کو روکا جا سکے۔
ضلعے کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیس بلاکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ آمدورفت یا سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے اور امن و امان برقرار رہے۔
مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور مستعدی سے سرانجام دیں اور عزاداروں کے پرامن انعقاد اور محفوظ واپسی تک الرٹ رہیں۔
ترجمان جیکب آباد پولیس