معیشت پر بہت سنجیدہ مسائل بنے ہوئے ہیں، حکومت کو پیغام پہنچا دیا گیا، سینئر صحافی کا دعوٰی
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جنوری 2026ء) سینئر صحافی کے مطابق معیشت پر بہت سنجیدہ مسائل بنے ہوئے ہیں، حکومت کو پیغام پہنچا دیا گیا کہ “آپ کے پاس 5 سے 6 مہینے کا وقت ہے، بہت کچھ تبدیل ہو سکتا ہے” ۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی محمد مالک نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ “معیشت پر بہت سنجیدہ مسائل بنے ہوئے ہیں، حکومت کو بتا دیا گیا ہے کہ آپ کے پاس 5 سے 6 مہینے کا وقت ہے اگر آپ نے تبدیلیاں نہ کیں تو بہت کچھ تبدیل ہو سکتا ہے”۔محمد مالک نے مزید کہا کہ “حقیقت یہ ہے کہ لوگ معاشی صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔ آنیوالے دنوں میں آپ کو کافی تبدیلیاں نظرآئیں گی، کچھ لوگوں کی چھٹی ہو سکتی ہے۔ ایک تاثر مضبوط ہوگیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزارتِ خزانہ نے اتنے سخت طریقے سے سٹینڈ نہیں لیا جس طرح لینا چاہیئے تھا۔
اس کی ایک مثال یہ ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی ترجیح برآمدات بڑھانا ہے۔فنانس ڈویژن نے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ بات مان لی تھی کہ پاکستان میں کوئی نئے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز نہیں بنیں گے۔ بعد میں ایس آئی ایف سی کے ذریعے آئی ایم ایف کے ساتھ پھر بات چیت ہوئی اور ایکسپورٹ پراسسنگ زون والا پراجیکٹ بچا لیا گیا” ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کی معاشی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معاشی استحکام کے دعوے صرف اعداد و شمار کے ہیر پھیر کے سوا کچھ نہیں۔ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان ان کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ عطا تارڑ جس معاشی استحکام کا جھوٹا راگ الاپ رہے ہیں، اس کی حقیقت یہ ہے کہ فارم 47 کی حکومت نے ملک کی صنعتوں کو تالے لگوا دیے ہیں، برآمدات اور معاشی شرحِ نمو (Growth Rate) کا جنازہ نکال دیا ہے اور گندم اور چینی اسکینڈل جیسے شرمناک تجربات کے ذریعے کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے۔ عطا تارڑ اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر کریڈٹ لینے سے پہلے جان لیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کا دل صرف عمران خان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ریکارڈ ترسیلاتِ زر حکومت کی کارکردگی نہیں بلکہ حالات سے مایوس ہو کر لاکھوں کی تعداد میں ملک چھوڑنے والے پاکستانیوں کی اپنے اہلخانہ کو معاشی تباہی سے بچانے کی ایک کوشش ہے۔