افغان طالبان کے پراپیگنڈے کی تردید: پاکستان نے دہشت گردوں کے ڈرونز ناکارہ بنا دیے

اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ فیکٹ چیک میں افغان طالبان حکومت کے حالیہ دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد تنظیم FAK کے دو ابتدائی نوعیت کے ڈرونز کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔

سرکاری بیان کے مطابق یہ ڈرونز افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے الیکٹرانک کاؤنٹر میژرز کے ذریعے ان ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران کسی فوجی یا شہری تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا۔ صرف ڈرونز کے جبراً گرائے جانے کے بعد ملبہ گرنے سے معمولی نوعیت کا نقصان رپورٹ ہوا۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت کے دعوؤں کے برعکس اس واقعے کے حوالے سے کوئی قابلِ تصدیق ثبوت موجود نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بے بنیاد دعوے دراصل اس حقیقت کو مزید واضح کرتے ہیں کہ افغان طالبان رجیم خطے میں سرگرم مختلف دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی اور حمایت میں ملوث ہے، جن میں بھارتی پراکسی تنظیمیں FAK اور FAH بھی شامل ہیں۔

فیکٹ چیک میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبان حکومت کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس، بشمول نام نہاد وزارتِ دفاع کے اکاؤنٹس، ماضی میں بھی متعدد مرتبہ جعلی خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو فروغ دیتے رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بھی پاکستان ایئر فورس کے طیارے گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے کے دعوے کیے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں خاموشی سے حذف کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حقائق اور شواہد بالآخر جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیتے ہیں، اور سچ ہمیشہ غالب آتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *