پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے؟

لاہور: ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے گیس کی قلت کے باعث ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے ایل پی جی جہاز پر ایف آئی اے کے چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلاجواز قرار دیا۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مداخلت بند نہ کی تو رمضان المبارک میں غریبوں کا چولہا بند ہو جائے گا۔

عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ درآمد کنندگان ایف آئی اے کی بے جا مداخلت پر بہت پریشان ہیں اور انہوں نے احتجاجاً مزید جہازوں کا آرڈر نہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی قدرتی گیس کی قلت ہے اور 14 مارچ سے ایل این جی کی آمد بھی بند ہو گئی ہے، سپلائی متاثر ہونے کی صورت میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے جو کہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو گا۔

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوشن نے وزیر اعظم شہباز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کے جہازوں پر چھاپے فوری بند کیے جائیں تاکہ گیس کی سپلائی متاثر نہ ہو اور ماہ مقدس میں شہریوں کو سستے ایندھن کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *