دبئی/الفجیرہ (نیوز ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران ایک خطرناک واقعہ پیش آیا جہاں قومی ایئرلائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ممکنہ تباہی سے معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے-175 جب لاہور سے Fujairah پہنچی اور لینڈنگ کے مراحل میں تھی تو اسی دوران ایئرپورٹ کے قریب میزائل حملہ کیا گیا۔
طیارے میں عملے کے 8 ارکان سمیت 123 مسافر سوار تھے۔ حملے کے باعث ایئرپورٹ کے اطراف دھوئیں کے بادل چھا گئے اور مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے طیارہ محفوظ رہا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق میزائل حملہ الفجیرہ ایئرپورٹ سے متصل علاقے میں ہوا، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے فضائی آپریشن متاثر ہوا اور پروازوں میں تاخیر دیکھنے میں آئی۔
سینئر انویسٹیگیشن رپورٹر رانا خالد محمود کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کمرشل پروازوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے اور فضائی حدود کی سکیورٹی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کچھ وقت کے لیے ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا، تاہم صورتحال قابو میں آنے کے بعد پروازوں کو بحال کر دیا گیا۔ پی آئی اے کے دونوں طیارے، جن میں ایک اسلام آباد سے آنے والی پرواز بھی شامل تھی، بحفاظت پاکستان واپس پہنچ گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشنز کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور ایئرلائنز کو غیر معمولی حفاظتی اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔