نیویارک(اوصاف نیوز)ایئر کینیڈا کا ایک مسافر طیارہ نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران فائر بریگیڈ کے ایک ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق مونٹریال سے آنے والی CRJ-900 پرواز میں 72 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے پر اتر رہا تھا اور اسی دوران ایک فائر ٹرک جسے ایک دوسرے طیارے کی ہنگامی جانچ کے لیے رن وے عبور کرنے کی اجازت دی گئی تھی اس کی زد میں آ گیا۔
حادثے میں ایک سینئر فضائی میزبان سولانج ٹریمبلے حیرت انگیز طور پر زندہ بچ گئیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنی جمپ سیٹ کے ساتھ بندھی ہوئی حالت میں طیارے سے تقریباً 330 فٹ دور جا گریں۔ ان کی ٹانگ میں متعدد فریکچر آئے ہیں اور انہیں سرجری کی ضرورت پیش آئے گی۔ ان کی بیٹی کے مطابق ان کا زندہ بچ جانا ’معجزہ‘ ہے۔
زندہ بچ جانے والی مسافر نے بتایا کہ لینڈنگ کے دوران طیارے میں شدید جھٹکے محسوس ہوئے اچانک بریک لگا اور پھر زور دار دھماکے کی آواز آئی جس کے باعث کئی مسافر اپنی نشستوں سے اچھل گئے اور زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں مسافروں نے ایک دوسرے کی مدد سے طیارے سے باہر نکلنے کی کوشش کی اور ’میں صرف اس بات پر خوش ہوں کہ میں زندہ ہوں۔
حادثے کی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ طیارہ ٹرک سے ٹکرا کر دونوں کو رن وے پر گھسیٹتا ہوا لے گیا۔