تحصیل ڈسکہ کے قریب ہیڈ بمبانوالہ کے مقام پر تیز رفتار بجری سے بھرا ڈمپر دھند اور اوور اسپیڈنگ کے باعث پل سے نیچے گر کر الٹ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
حادثے کے وقت ڈرائیور اور اس کا ساتھی موقع کی نزاکت بھانپتے ہوئے چھلانگ لگا کر جان بچانے میں کامیاب ہوگئے، جن کی شناخت فضل عباس (24 سال) اور عدیل (21 سال) کے ناموں سے ہوئی، دونوں کا تعلق سرگودھا سے ہے۔
تاہم ڈمپر کے پچھلے کیبن میں بیٹھا 18 سالہ رضوان ساکن سرگودھا گاڑی الٹنے کے باعث بری طرح پھنس گیا۔ ریسکیو 1122 نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی زیرِ کمانڈ فوری طور پر آپریشن شروع کیا جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
ریسکیو ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے
پاور کٹر، ہائڈرالک جیک اور خصوصی ریسکیو ٹولز استعمال کیے اور ڈمپر کی شیٹ کاٹ کر نوجوان کو زندہ حالت میں باحفاظت نکال لیا۔
زخمی رضوان کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ منتقل کر دیا گیا۔
حادثہ دھند اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ناصر چوہدری — سیالکوٹ