جدہ(اوصاف نیوز)سعودی عرب میں وزارتِ افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے کہا ہے کہ مملکت میں گھریلو کارکنوں کی تنخواہیں یکم جنوری 2026 سے بینک کے ذریعے ادا کی جائیں گی۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے گھریلو ملازمین کی اجرت کو منظم کرنے اور فریقین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تنخواہوں کی ادائیگی کا قانون مرحلہ وار نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق یکم جولائی 2024 سے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا جس میں وہ گھریلو ملازمین شامل تھے جو پہلی بار مملکت نئے ویزے پر آئے تھے ان کارکنوں کے اسپانسرز پر یہ پابندی عائد کی گئی تھی کہ وہ اپنے ملازم کی تنخواہ کو بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادا کریں۔
دوسرے مرحلے میں ایسے اسپانسرز شامل تھے جن کے پاس چار سے زائد گھریلو کارکن تھے۔ تیسرے مرحلے میں تین یا اس سے زائد کارکنوں کیلیے مقرر کیا گیا جس کا آغاز جولائی 2025 کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق تیسرے مرحلے کا آغاز اکتوبر 2025 سے کیا گیا جس کے مطابق دو یا اس سے زائد گھریلو کارکنوں کے اسپانسرز شامل تھے جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن یکم جنوری 2026 کو نافذ العمل ہو گی جس میں تمام گھریلو کارکنان کی کیٹگریز شامل ہیں۔