خوشخبری :بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم میں بڑا اضافہ

لاہور(اوصاف نیوز) حکومت نے معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف دینے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، نشوونما اور تعلیمی وظائف کی رقوم میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا، جس سے لاکھوں مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق بینظیر کفالت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خواتین کو دی جانے والی سہ ماہی مالی امداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پہلے یہ رقم 13 ہزار 500 روپے تھی جسے بڑھا کر اب 14 ہزار 500 روپے کر دیا گیا ہے، اس اضافے کا مقصد بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر مستحق خواتین کو مزید مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔

اسی طرح بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت بچوں کیلئے دی جانے والی امداد میں بھی فی بچہ 500 روپے اضافہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی بہتر خوراک اور صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں بھی فی طالب علم 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے بچوں کی تعلیم کے تسلسل کو فروغ ملے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف کم آمدن والے گھرانوں کی مالی مشکلات کم کرنے میں مدد دیں گے بلکہ بچوں کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، معاشرتی فلاح و بہبود کیلئے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *