تہران، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے اسرائیل کے خلاف مؤقف کو سراہتے ہوئے اسے قابل تحسین قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی قیادت نے ہمیشہ اہم عالمی اورعلاقائی مسائل پرواضح اورجرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے، جسے مسلم دنیا قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ترک قوم نے طویل عرصے سے امتِ مسلمہ کے ساتھ یکجہتی کے فروغ میں نمایاں کردارادا کیا ہے، مشکل حالات میں ترکیہ کی حمایت اورآواز نے مسلمانوں کے اجتماعی مؤقف کو تقویت دی ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران اور ترکیہ کے درمیان تعلقات تاریخی اور برادرانہ نوعیت کے ہیں اوردونوں ممالک مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اور ترکیہ مستقبل میں بھی یکجہتی کے اس قابل فخر راستے پر گامزن رہیں گے۔