لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب میں سکولوں کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آ گیا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں سکولوں کی چھٹیاں 31 مارچ تک جاری رہیں گی۔ان کے مطابق یکم اپریل سے تمام سرکاری اور نجی سکولز باقاعدہ طور پر کھول دیے جائیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ اور والدین مقررہ تاریخ کے مطابق سکول کھلنے کے لیے تیاری کریں اور کسی بھی نئی ہدایت کے لیے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرتے رہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق زیر گردش خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ اس وقت تک چھٹیوں میں اضافے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری، والدین اور طلبہ غیر مصدقہ اطلاعات اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں پر یقین نہ کریں۔
وزیر تعلیم کے مطابق کسی بھی قسم کا باضابطہ اعلان صرف سرکاری ذرائع کے ذریعے کیا جاتا ہے، اس لیے عوام کو مستند معلومات کے لیے حکومتی بیانات اور سرکاری پلیٹ فارمز پر اعتماد کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ غلط معلومات عوام میں بے چینی پیدا کرتی ہیں اور تعلیمی نظام پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور طلبہ و اساتذہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اور تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔