صحافیوں، تاجروں اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو مؤثر کردار ادا کرنے کی تلقین
لاہور (محمد منصور ممتاز سے ) سینئر اینکر پرسن کے ٹی وی اور صدر ختم نبوت جرنلسٹس فورم پاکستان، ڈاکٹر حسن رانا نے کوہاٹ کا دورہ کیا، جہاں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کوہاٹ ڈویژن کے زیر اہتمام “تحفظ ختم نبوت اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان سے تین اہم پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
پہلا پروگرام کوہاٹ پریس کلب میں منعقد ہوا، جس میں صدر نور محمد بنگش، جنرل سیکریٹری فیصل ندیم اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن رانا نے اپنے خطاب میں صحافیوں کی ذمہ داریوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا کردار معاشرے میں شعور بیدار کرنے میں نہایت اہم ہے، اور حساس مذہبی و قومی معاملات میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسرا پروگرام مقامی ہوٹل میں “تحفظ ختم نبوت، تاجر برادری کا کردار اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان سے منعقد ہوا، جس میں حاجی عابد خان، منصور پراچہ، سلیم قریشی، دلاور اعوان اور انور شاہ سمیت تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ 6 ستمبر کو منعقد ہونے والی سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور اس کی کامیابی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
تیسرا پروگرام سوشل میڈیا کلب کوہاٹ انکلیو میں منعقد ہوا، جس میں واسع پراچہ، حبیب اللہ، حسن خاکسار، عدیل پراچہ اور دیگر سوشل میڈیا ایکٹوسٹس و کانٹینٹ کریٹرز شریک ہوئے۔ ڈاکٹر حسن رانا نے سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کا استعمال قومی و مذہبی اقدار کے تحفظ کے لیے ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا صارفین کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت مواد کو فروغ دیں اور منفی پروپیگنڈے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کریں۔