ایران کے سپریم لیڈر کو ختم کردیا

ایران کے نیوی، ایئرفورس اور ایئر ڈیفنس کو بھی مکمل تباہ کردیا گیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کو ختم کردیا، امریکا کے صدر فعال ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی کامیابی اور ایران کی تباہی کی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے نیوی، ایئرفورس اور میزائل ڈیفنس سو فیصد فعال ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے نیوی، ایئرفورس اور ایئر ڈیفنس کو مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیرخزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین ایران پر آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے دباؤ ڈالے۔ چین کو چاہئے آبنائے ہرمز کھولنے کی حمایت کرے ، آبنائے ہرمز کا تنازع امریکا ایران مذاکرات میں اہم معاملہ بن چکا ہے۔ اسکاٹ بیسنٹ نے مستقبل میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے بعد توانائی کی قیمتیں بہت کم ہونی چاہئیں ۔ امریکا توانائی کی منڈیوں میں بڑا فاتح ہے، اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکی توانائی برآمدات کو صرف انفرا اسٹرکچر کی کمی روک رہی ہے۔ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ چینی صدر اور صدر ٹرمپ کی آئندہ ملاقات میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی جہاز کو 2 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایران کی وارننگ نظر انداز کرنے والے امریکی بحری جہاز پر حملہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملے کے بعد امریکی جہاز نے اپنا سفر روک دیا ہے ، امریکی جہاز پسپائی اختیار کرنے اور علاقے سے بھاگنے پر مجبور ہو گیا ۔ ایران نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے کوئی بھی بغیر اجازت نہیں گزر سکتا، ایران کا کہنا تھا کہ ہدایات نظرِ انداز کرنے والے جہاز کو فوج فیصلہ کن جواب دے گی۔ ایرانی فوج کا کہنا تھاکہ امریکی جہاز پر میزائل حملے میں نقصانات کی تاحال تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں امریکی صہیونی ڈسٹرائزر کے داخلے کو روک دیا ہے۔ سینئر امریکی عہدیدار نے امریکی جہاز کا ایرانی میزائل کا نشانہ بننے کی خبر کی تردید کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *