جیکب آباد(نامہ نگار)عالمی یومِ صحافت: ایوانِ صحافت جیکب آباد میں PFUJ ورکرز کا اہم اجلاس، صحافیوں کا تحفظِ حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے کا عزم،حق کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ تحسین؛ جمہوری دور میں آزادانہ صحافت مشکل بنا دی گئی، کرپٹ افسران ہراسان کر رہے ہیں؛ مقررین کا خطاب تفصیلات کے مطابق عالمی یومِ صحافت (3 مئی) کے حوالے سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ ورکرز کا ایک اہم اجلاس ایوانِ صحافت میں عبدالرحمن آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر صحافی محمد علی سرہیو، آرگنائزر حفیظ جتوئی، غلام حسین مستوئی، نثار احمد گرگیج، وقار حسین قریشی، سجاول ڈومکی، امیر جان چانڈیو، اے جی بلوچ اور دیگر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران حق کی خاطر شہادت کا جام نوش کرنے والے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اور حق گوئی کی پاداش میں مظالم سہنے والے صحافیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔ مقررین نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ “صحافی وہی ہے جو قلم کی حرمت برقرار رکھے، مفادات کی خاطر قلم فروشی کرنے والے صحافی کہلانے کے حقدار نہیں “۔اجلاس کے بعد عالمی یومِ صحافت کی مناسبت سے ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا، جس میں شرکاء نے “صحافیوں کو تحفظ دو”، “آزاد صحافت زندہ باد” اور “ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے انتقامی اقدامات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔عبدالرحمن آفریدی، محمد علی سرہیو اور حفیظ جتوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقائق پر مبنی صحافت معاشرے کا آئینہ ہوتی ہے، لیکن افسوس کہ موجودہ دور میں صحافیوں کو عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کرپشن میں ملوث افسران اور بااثر شخصیات اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے صحافیوں کو ہراساں کر رہی ہیں۔ حق لکھنے والے صحافیوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنا انتہائی افسوسناک ہے، جبکہ قانون تماشائی بنا ہوا ہے۔حکومت صحافیوں کو تحفظ اور سہولیات دینے کے دعوے تو کرتی ہے لیکن عملدرآمد کہیں نظر نہیں آتا۔مقررین نے وفاقی وزیرِ ریلوے کی توجہ اس جانب دلائی کہ ریلوے کی جانب سے صحافیوں کو دی گئی سفری سہولیات چھین لی گئی ہیں، جو کہ قابلِ مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ ریلوے اس کا فوری نوٹس لیں اور صحافیوں کی مراعات بحال کی جائیں۔
عالمی یومِ صحافت: ایوانِ صحافت جیکب آباد میں PFUJ ورکرز کا اہم اجلاس، صحافیوں کا تحفظِ حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے کا عزم