کیریئر کونسلنگ سیمینار کا انعقاد

نوشہرو فیروز ۔ کاشان غفار خانزادہ

حکومت سندھ کے محکمہ کھیل اور امور نوجوانان نے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز کی رہنمائی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تھروشاہ میں “کیرئیر کونسلنگ کے ذریعے بااختیار بنانا” کے عنوان سے کیریئر کونسلنگ سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں اسکول و کالج کی طالبات، اساتذہ اور ماہرین تعلیم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان علی ملاح نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر اور صوبائی سیکرٹری منور علی مہیسر کی ہدایت پر نوجوانوں کے لیے ایسے تعلیمی و رہنمائی کے پروگرامز جاری ہیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے اہل بن سکیں۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر پرویز احمد کمبوہ نے مستقبل کے لیے ابھرتے ہوئے کیریئر کے رجحانات پر تفصیلی روشنی ڈالی، جبکہ پروفیسر نعمت اللہ سومرو، ڈاکٹر محمد ابراہیم کھوکر (شاہ عبداللطیف یونیورسٹی)، پرنسپل کریم بخش سیال، پروفیسر عرفان علی ملاح اور ڈاکٹر طاہرہ خانزادہ نے بحث میں حصہ لیا۔ مقررین نے طلباء کو منصوبہ بندی، ڈیجیٹل مہارت، سماجی اقدار اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں اہم اور مفید مشورے بھی دیے۔ سیمینار کے اختتام پر طلباء کی جانب سے ایک شاندار ٹیبلو پیش کیا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ بعد ازاں مقررین اور منتظمین کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ نوجوانوں کی بہتر رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اس طرح کے سیمینار سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *