ہیڈ کوارٹر کی تبدیلی عوامی مشکلات میں اضافہ ہے، پڑھنہ ہی سب کے لیے متوازن اور موزوں مقام ہے: اسد ستی
کوٹلی ستیاں:(راشد محمود ستی )پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل کوٹلی ستیاں کے صدر اسد ستی نے ضلع مری کے ہیڈ کوارٹر کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع مری کا ہیڈ کوارٹر وہیں بنایا جائے جہاں پہلے طے ہو چکا تھا، یعنی پڑھنہ یا اس کے آس پاس۔انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع اور تحصیلوں کا قیام عوامی سہولت کے لیے ہوتا ہے، نہ کہ عوامی مشکلات میں اضافے کے لیے۔اسد ستی کا کہنا تھا کہ تحصیل مری کے لوئر بیلٹ، تحصیل کوٹلی ستیاں اور مری کی اکثریتی یونین کونسلیں متفق ہیں کہ پڑھنہ جغرافیائی اور انتظامی لحاظ سے سب کے لیے موزوں مقام ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ضلع عوامی سہولت کے بجائے چند دفاتر اور افسران کے فائدے کے لیے بنایا جا رہا ہے؟پیپلز پارٹی کے رہنما نے ایم این اے اور ایم پی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ بیوروکریسی کے بجائے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر منتخب نمائندے عوامی آواز بنے تو عوام ان کے ساتھ ہوں گے۔بصورت دیگر عوام خود منظم جدوجہد کے ذریعے اپنا حق حاصل کریں گے۔اسد ستی نے مری لوئر بیلٹ اور کوٹلی ستیاں کے باشعور شہریوں سے بھرپور اور منظم آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عوامی اور علاقائی حق ہے۔
آخر میں انہوں نے یقین دلایا کہ یہ جدوجہد مزید مضبوط ہوگی اور حق لے کر رہے گی۔