ہسپتال کے مین گیٹ کے سامنے دکانیں قائم، سرکاری زمین واگزار کرانے کا مطالبہ
کوٹلی ستیاں(راشد ستی) میں بنیادی مرکزِ صحت ملوٹ ستیاں اور محکمہ تعلیم کے نام پر مختص سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا سرگرم ہو گیا۔
ہسپتال کے سامنے اور اطراف میں دکانیں تعمیر کر کے مین گیٹ سے داخلہ مشکل بنا دیا گیا۔کمشنر راولپنڈی کے نام دی گئی درخواست میں اظہر اقبال ستی، عبدالحمید، لطیف احمد،تصدق حسین اور طاہر محمود نے مؤقف اختیار کیا۔درخواست کے مطابق ہسپتال کے لیے تیرہ کنال دو مرلے اراضی کرنل یوسف ستی وغیرہ نے دی تھی۔جبکہ محکمہ تعلیم کے نام دو کنال اراضی بھی مختص کی گئی تھی۔جس پر مبینہ طور پر جاوید اختر اور شاہنواز وغیرہ زبردستی قبضہ کر کے ناجائز تعمیرات کر رہے ہیں۔مین ڈیفنس روڈ پر دکانیں بنا کر سرکاری تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی مہم کے تحت قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔درخواست میں سرکاری زمین فوری واگزار کرانے اور دکانیں مسمار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔قبضہ کنندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔