حکومت بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں کے فرق کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں۔ اور خام تیل و ریفائنڈ مصنوعات کی سپلائی چین مستحکم ہے۔

وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول لے کر آنے والے جہازوں کی آمد کا شیڈول بھی طے کر لیا گیا ہے۔ جس سے آئندہ ہفتوں میں رسد کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی ریفائنریوں کو پوری استعداد کے مطابق کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور بدلتے جغرافیائی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ جبکہ بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں کے فرق کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اور اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *