غازی یونیورسٹی کے تیسرے سالانہ کانووکیشن کاانعقاد

ڈیرہ غازی خان ( بیوروچیف چوہدری احمد ): غازی یونیورسٹی کے تیسرے سالانہ کانووکیشن کاانعقاد ہوا جس میں چار ہزار سے زائد طلباؤ طالبات نے ڈگریاں حاصل کیں اور 300 سے زیادہ نمایاں کامیاب طلبہ کو گولڈ، سلور اور براونز میڈلز سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری نے اپنے خطاب میں وائس چانسلر کی قیادت میں یونیورسٹی کی غیر معمولی ترقی کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ غازی یونیورسٹی نے محض ایک سال میں وہ کامیابیاں سمیٹی ہیں جو اسے پاکستان کی صف اول کی جامعات میں لا کھڑا کرتی ہیں،فروغ علم میں غازی یونیورسٹی کی اس خطے میں منفرد اور کلیدی حیثیت ہے، چاروں صوبوں کے سنگم پر ہونے کی وجہ سے یہاں مختلف ثقافتیں ملتی ہیں، طلبہ بین الاقوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر عملی زندگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، غازی یونیورسٹی میں بین الصوبائی ہم آہنگی کانفرنس،اصلاح کنسورشیم اور کھجور میلے کا انعقاد خوش آئند اقدامات ہیں.کانووکیشن کے آغاز پر رجسٹرار غازی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد آصف کی قیادت میں شرکاء منظم انداز میں وائس چانسلر سیکرٹریٹ سے ایونٹ لان تک پہنچے، جہاں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر راشدہ قاضی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، تلاوتِ قرآن پاک سے پروگرام کا آغاز کیاگیا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد مدثر مقبول نے ٹیکنیکل سیشن کی نظامت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے استقبالیہ کلمات میں کانووکیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف طلبہ کی محنت کی تکمیل کا دن ہے بلکہ غازی یونیورسٹی کے عزم اور ترقی کی داستان بھی ہے۔ انہوں نے فیکلٹی،سٹاف اور طلبہ کی لگن کو خراج تحسین پیش کیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر ابو بکر وائس چانسلر لیہ یونیورسٹی سردار صلاح الدین کھوسہ بطور مہمان اعزاز تشریف لائے اور طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔تمام فیکلٹیز کے ڈینز نے اپنے اپنے شعبوں کے گریجویٹس کی ڈگریوں کا اعلان کیا۔ اس دوران میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور گولڈ، سلور اور برانز میڈلزبھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر ڈگری حاصل کرنے والے طلباؤ طالبات نے کہا کہ آج ہماری زندگی کا یادگار دن ہے۔ غازی یونیورسٹی نے نہ صرف ہمیں تعلیم دی بلکہ ہمارے خوابوں کو پروان چڑھانے کا موقع بھی دیا۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو اپنے والدین کی دعاوں اور اساتذہ کی محنتوں کا نتیجہ قرار دیا۔ غازی یونیورسٹی کا تیسرا کانووکیشن نہ صرف طلبہ کی محنت کی کامیاب تکمیل تھی بلکہ یہ جنوبی پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور معیاری تعلیمی ادارے کے طور پر یونیورسٹی کے عزم کا بھی واضح اظہار تھا۔یہ تقریب غازی یونیورسٹی کے اس عہد کو مزید مضبوط کرتی ہے کہ وہ علم، تحقیق اور خدمت کے میدان میں مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *