گلگت (اوصاف نیوز) گلگت بلتستان حکومت نے سرکاری نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ہفتے میں 3 دن تعطیلات اور 4 روزہ ورکنگ ویک نافذ کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ وفاقی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے، جس کے بعد گلگت بلتستان میں سرکاری دفاتر اب صرف پیر سے جمعرات تک کھلے رہیں گے۔ نئی پالیسی کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جس سے سرکاری ملازمین کو ہفتے میں 3 دن چھٹیاں میسر آئیں گی۔
حکومت کی جانب سے سرکاری محکموں کے نئے اوقات کار بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ محدود دنوں میں کام کو مؤثر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام سے نہ صرف ملازمین کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ دفتری امور میں تیزی بھی پیدا ہوگی۔
دوسری جانب کچھ حلقوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کم دنوں میں زیادہ کام کا بوجھ بڑھ سکتا ہے، تاہم حکومت پرامید ہے کہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے اس نظام کو کامیاب بنایا جا سکے گا۔