جیکب آباد (نامه نگار)علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر قیادت اسلامی جمہوریہ ایران کے بہادر عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی۔ احتجاجی ریلی میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے بہادر عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کی جانب سے صوبائی آرگنائزر سندھ و مرکزی سیکریٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ٹکنڈو سے ڈی سی چوک جیکب آباد تک ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
اس احتجاجی ریلی میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرنے والوں میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، عزاداری ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی، ضلع صدر نظیر حسین جعفری، یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر اللہ بخش میرالی، سینئر رہنما سید کامران علی شاہ بخاری، سندھ دوست کمیٹی کے رہنما استاد انتظار چھلگری، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنما ندیم قریشی، سندھ ترقی پسند پارٹی کے ضلعی صدر مجید سرکی، انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان شاہ بخاری، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما جام انڑ، جعفریہ الائنس کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی، آئی ایس او کے ضلعی صدر اظہار الحسن، آل ڈومکی اتحاد کے مرکزی جنرل سیکریٹری استاد عبدالفتاح ڈومکی، مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو، کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری میر گل حسن ٹالانی مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلع صدر علامہ سیف علی ڈومکی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایران نے امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے وقت کے فرعون امریکہ اور یزیدی قوت اسرائیل کے خلاف جرات اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ دنیا حیران ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے ایران کی بہادر افواج اور عوام رہبر معظم کی قیادت میں عالمی استکباری قوتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ کبھی غلامی اور خوشامد کرنے والوں کو یاد نہیں رکھتی بلکہ تاریخ میں وہی لوگ زندہ رہتے ہیں جو صبر، استقامت، جرات اور بہادری کے ساتھ ظالم قوتوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استاد انتظار چھلگری نے کہا کہ ایرانی قوم اور افواج نے امریکہ اور اسرائیل کو تاریخی شکست دی ہے اور امریکہ زوال کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنما ندیم قریشی نے کہا کہ جن نوجوانوں نے پاکستان میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کیا، چیئرمین زلفقار علی بھٹو جونیئر نے ان کے گھروں پر جا کر ان کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء کو سلام عقیدت پیش کیا۔
مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ رہبر معظم کی قیادت میں امریکہ اور اسرائیل کو شکست دے گی۔
ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان شاہ بخاری نے کہا کہ ہم ہر قدم پر فلسطین اور ایران کے بہادر عوام کا ساتھ دیں گے۔
تحریک انصاف کے ضلعی رہنما جام انڑ نے کہا کہ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے بجائے عالمی دہشت گرد قرار دیا جائے۔ عمران خان نے ہمیشہ امت مسلمہ کی بات کی۔
اس موقع پر ضلع صدر ایم ڈبلیو ایم نظیر حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ مظلوموں کی حامی جماعت رہی ہے۔ ہم نے ہر دور میں فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
جعفریہ الائنس کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزادار اور مولا حسینؑ کے عاشق شہادت سے نہیں ڈرتے بلکہ شوقِ شہادت کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف قیام ہی حسینی راستہ ہے۔
اس موقع پر احتجاجی ریلی میں جیکب آباد شہر کی کئی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں آل ڈومکی اتحاد کے وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد خان ڈومکی، احمد علی، رحمدل خان ٹالانی، ضلعی صدر منصب علی ڈومکی، جیکب آباد کو یونیورسٹی دو تحریک کے صدر میر مظفر ٹالانی، مجلس وحدت مسلمین کے سینئر رہنما استاد خادم حسین برڑو زوار دلدار علی گولاٹو علامہ ایوب نجفی مولانا ارشاد علی سولنگی سمیت دیگر شخصیات شامل تھے۔