3 دن کی سرکاری چھٹی کا اعلان

لاہور: وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے توانائی کی بچت کے لیے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزراء اور افسران کی تنخواہوں میں کٹوتی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے صوبے میں بڑے پیمانے پر کفایت شعاری کے اقدامات کے حوالے سے کہا ہے کہ عالمی صورتحال اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے خود سے شروع کرتے ہوئے وزراء، بیوروکریسی اور اراکین اسمبلی کے مراعات میں بھاری کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے آئندہ دو ماہ تک تنخواہ اور ایندھن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام افسران اور اراکین اسمبلی کی تنخواہ کا 25 فیصد خصوصی فنڈ میں جمع کرایا جائے گا اور تمام سرکاری پروٹوکول گاڑیوں کو فوری طور پر پارک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ سرکاری افسران اور وزرا کے غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے فیول بجٹ میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے جو ایران عراق جنگ کے خاتمے تک برقرار رہے گی۔

توانائی کی بچت کے لیے سرکاری دفاتر میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار (3 دن) کو چھٹی ہوگی، جب کہ غیر ضروری عملے کو ‘گھر سے کام’ پر منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ کفایت شعاری کے اقدامات کے باوجود تعلیم، صحت اور زراعت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 900,000 مستحقین کو راشن کارڈ جاری کیے گئے ہیں جن کی تعداد جون تک 15 لاکھ تک بڑھائی جائے گی جب کہ گزشتہ سال 842 ارب روپے کے مقابلے میں ترقیاتی کاموں پر 1100 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

حکومت نے نئی سرکاری گاڑیوں اور دفاتر کے لیے لگژری آئٹمز کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ایک خصوصی کمیٹی ہنگامی حالات میں پولیس یا دیگر محکموں کو گاڑیوں کی فراہمی کا فیصلہ کرے گی۔ غیر ترقیاتی بجٹ میں بھی فوری طور پر 25 فیصد کٹوتی کا اطلاق کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *