تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، شفاف پروموشن اور بہتر سروس سٹرکچر کا مطالبہ، ناانصافی پر احتجاج کی وارننگ
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
ایل ڈی اے اسٹاف ویلفیئر یونین کے زیرِ اہتمام ایک اہم اور بھرپور اجلاس منعقد ہوا جس میں ملازمین کے حقوق، مسائل اور فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یونین عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس سے جنرل سیکرٹری فیصل بٹ، صدر رمضان گجر، چیف ایگزیکٹو ولایت خان، چیف آرگنائزر شہزاد انور، طاہر محمود تارا اور رشید بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، اس لیے ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، پروموشن کے عمل میں شفافیت، سروس سٹرکچر کی بہتری اور محفوظ کام کا ماحول فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملازمین کو ان کے جائز حقوق نہیں ملیں گے، ادارے ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایل ڈی اے اسٹاف یونین ہر سطح پر ملازمین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی ناانصافی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ یونین مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مثبت مذاکرات کو ترجیح دے گی، تاہم حقوق کی پامالی کی صورت میں احتجاج سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
آخر میں حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ ملازمین کے دیرینہ مسائل فوری حل کیے جائیں اور ان کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ ملازمین اطمینان کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے سکیں۔