گھارو: مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر، مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کی بڑی احتجاجی ریلی

ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپورٹر
رپورٹر: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی
گھارو: مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر، مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کی بڑی احتجاجی ریلی
ٹھٹہ گھارو ملک بھر کی طرح ضلع ٹھٹہ میں بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف عوامی غصہ کھل کر سامنے آ گیا۔ گھارو شہر میں مختلف سیاسی، سماجی اور قومپرست جماعتوں کی مشترکہ کال پر ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، احتجاجی ریلی کا آغاز ٹاؤن کمیٹی گھارو سے ہوا، جو شہر کی اہم شاہراہوں اور بازاروں سے ہوتی ہوئی گھارو پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں سیاسی کارکنوں، مزدوروں، دکانداروں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے، جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
گھارو پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی جلسے سے مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا، جن میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی (SUP) کے اعجاز شیخ، جسقم کے گلزار شاہ، جسقم بشیر خان قریشی گروپ کے گلزار خاصخیلی، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے شاہزیب بلوچ، جساف کے ایاز شاہ جیلانی، جسم کے سہیل چانڈیو اور اقبال لاسی سمیت دیگر شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے، جبکہ پیٹرول، گیس، بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آمدنی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، جس کے باعث عام آدمی شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مہنگائی پر قابو پایا جائے، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل کو نظرانداز کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور پورے سندھ میں تحریک کو تیز کیا جائے گا۔
احتجاج کے اختتام پر رہنماؤں نے واضح کیا کہ عوامی حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *