تحفظ ختم نبوت اسلام کا مرکزی اور عالمگیر عقیدہ ہے، ہر سطح پر اس کے دفاع کی ضرورت ہے: مولانا عزیز الرحمن ثانی
قوانین ختم نبوت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، قادیانیوں کو حساس عہدوں سے ہٹایا جائے: مقررین
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مسلم ٹاؤن لاہور کے زیر اہتمام حفیظ سنٹر گلبرگ میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت پیر طریقت مولانا عمران عمر نے کی۔ کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، حفیظ سنٹر کے صدر محمد افیاض بٹ، اہلحدیث رہنما مولانا میاں عمران افضل، ناظم تبلیغ مجلس لاہور و ختم نبوت لائبریری کے انچارج مولانا عبدالعزیز، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم، مولانا حفیظ الرحمن، جے یو آئی لاہور کے سیکرٹری جنرل حافظ عبدالرحمن عزیز سمیت دیگر عہدیداران اور شخصیات خالد کھوکھر، محمد رضوان، حافظ محمد عرفان، شہریار، معروف نعت خواں حافظ حسن افضال صدیقی، قاری حسین احمد مدنی اور حافظ احمد الحسینی نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ جان سے زیادہ عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنوں کے اس دور میں اپنی اور اپنی نسلوں کے ایمان کی حفاظت انتہائی ضروری ہے، جبکہ قوانین ختم نبوت اور ناموس رسالت پر پہرہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر مولانا عزیز الرحمن ثانی نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت اسلام کا مرکزی اور عالمگیر عقیدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں اور قرآن مجید آخری آسمانی کتاب ہے، اس کے بعد نہ کوئی نبی آسکتا ہے اور نہ کوئی نئی کتاب۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ اس عقیدے کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کو کلیدی اور حساس عہدوں سے ہٹایا جائے، کیونکہ وہ ریاستی وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے ملک اور اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔ کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اس فتنے سے خود بھی بچا جائے اور دیگر مسلمانوں کو بھی آگاہی فراہم کی جائے۔
مولانا عبدالنعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ختم نبوت کا کام قرب مصطفی ﷺ کے حصول کا ذریعہ ہے اور درحقیقت یہ پورے دین اسلام کی حفاظت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت شفاعت نبوی کے حصول کا قریب ترین راستہ ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر علماء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔