لاہور: ( فریدہ خانم )، اقراء، پریس کلب اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام ممبران کے بچوں اور خواتین کے مابین مقابلہ حسن قرآت اور نعت خوانی منعقد ہوا، جس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والے بچوں اور بچیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔اس موقع پر لاہورپریس کلب کے جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹر ی عمران شیخ ، سینئر صحافی حامد نواز ، شاہدہ بٹ ،عدنان لودھی ، حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ ، وسطی پنجاب کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شازیہ محمود اور جماعة المحضات لاہور کی اساتذہ کرام ساجدہ رشید ، ثوبیہ منیر اور ممبران کے خاندان خصوصاََ بچوں کی بڑی تعدادموجود تھی ۔ بچوں اور بچیوں کی بڑی تعداد نے مقابلہ حسن قرآت ونعت خوانی میں شرکت کی۔ مقابلہ حسن قرآت و نعت خوانی میں بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریب کی میزبانی عندلیب اسد نے کی ۔حسن قرآت میں عبدالرافع نے پہلی ، محمد وصی اسد نے دوسری اور حسن شہیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ نعت خوانی میں بریرہ اصغر نے پہلی،اروی نے دوسری اور مینال اشرف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ حسن قرآت و نعت خوانی میں پوزیشن لینے والے بچوں کو ایوارڈز اور نقد انعامات دیئے گئے۔ اس موقع پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی شہناز عاصمہ اور شازیہ محمود نے تقریب کے انعقاد کو شاندار قرار دیتے ہوئےکہا کہ موجودہ پرفتن دورمیں مسلمانوں کو قرآنی تعلیمات سے آگاہی اوراسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنائے بغیر نجات ممکن نہیں۔انھوں نے نئی نسل کو قرآن و سنت کے مطابق تعلیمات دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ لاہورپریس کلب کے جنرل سیکرٹری افضال طالب نے حسن قرآت اور نعت خوانی کا مقابلہ منعقد کرانے پرپریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری اور اقراءکلب کے سربراہ عمران شیخ ، حامد نواز ، عدنان لودھی اور دیگر کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ لاہورپریس کلب کی منتخب گورننگ باڈی معزز ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لئے ایسے تقریبات ترتیب دیتے ہیں جس سے وہ زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں اور معاشرے میں اپنا بہترین مقام بناسکیں۔
” اقراءکلب، لاہور پریس کلب اور جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد “۔