ڈیرہ غازی خان شہرسمیت ،یارو کھوسہ ومضافات میں جعلی مشروبات اور غیر معیاری بوتلوں کی فروخت

ڈیرہ غازی خان بیوروچیف چوھدری احمد ڈیلی جستجو ) ڈیرہ غازی خان شہرسمیت ،یارو کھوسہ ومضافات میں جعلی مشروبات اور غیر معیاری بوتلوں کی فروخت شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن گئی۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت اور دونمبر بوتلوں کے استعمال سے معدے، جگر اور کینسر جیسی خطرناک بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی مختلف علاقوں میں جعلی اور غیر معیاری بوتلوں کا خفیہ سٹاک جمع کیا جارہا ہے، کیونکہ عید پر گوشت کے استعمال کے دوران ان مشروبات کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ناقص اور کیمیکل ملا مشروبات انسانی جانوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کبھی کبھار کارروائیاں تو کی جاتی ہیں، مگر یہ اقدامات محدود اور عارضی ہوتے ہیں، جس کے بعد دوبارہ وہی غیر قانونی کاروبار شروع ہوجاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے خاموشی اختیار کرنے کے بجائے مستقل بنیادوں پر سخت کریک ڈاؤن کریں، جعلی بوتلیں تیار کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بقرعید سے قبل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مارکیٹوں، گوداموں اور دکانوں کی چیکنگ کی جائے تاکہ انسانی جانوں کو خطرناک بیماریوں سے بچایا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *