معرکۂ حق آپریشن بنیان المرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر ایم پی اے کی قیادت میں ریلی

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ بیورو چیف)تفصیلات کے مطابق معرکۂ حق آپریشن بنیان المرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر ایم پی اے پی پی 44 سیالکوٹ و پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت رانا محمد عارف اقبال ہرناء کی قیادت میں ڈیرہ ہرناء سے ڈھلیوالی اڈے تک ایک عظیم الشان اظہارِ تشکر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ افواجِ پاکستان، حکومتِ پاکستان اور قومی سلامتی کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء نے پاک فوج کی قربانیوں، بہادری اور ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے رانا محمد عارف اقبال ہرناء نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص قومی اتحاد، جرات اور قربانی کی روشن مثال ہے جس نے پوری قوم کو یکجا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اور سیکیورٹی ادارے ملک میں امن و استحکام کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہے ہیں اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے ملکی ترقی، سلامتی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ریلی ڈیرہ ہرناء سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈھلیوالی اڈے پر اختتام پذیر ہوئی جہاں شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *