جیکب آباد :(نامه نگار) بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی کال پر انجمن تاجران، جماعت اسلامی، ایس ٹی پی، جسقم اور آل پاکستان سومرا ایسوسی ایشن سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے صرافہ چوک سے احتجاجی جلوس نکالا گیا، جو پریس کلب پہنچ کر دھرنے میں تبدیل ہوگیا۔ احتجاج میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے ایکس ای این واپڈا کا پتلا اٹھا کر پریس کلب کے سامنے ٹینٹ لگا کر واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج میں پی پی پی شہید بھٹو کے رہنما ندیم قریشی، نور محمد منجھو، انجمن تاجران کے صدر میر احمد علی بروہی، ایس ٹی پی کے عبدالمجید سرکی، نظام مستوئی، جسقم کے وارث جکراڻي، آل پاکستان سومرا ایسوسی ایشن کے حاجی گل حسن سومرو سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ ایکس ای این واپڈا سمیت کرپٹ افسران کو فوری ہٹایا جائے اور جیکب آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔