دھماکا، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ: کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک کے قریب اتوار کو جعفر ایکسپریس پر دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح چمن پھاٹک کے قریب جعفر ایکسپریس میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات اور اداروں کی اعلیٰ تیاریوں کے باعث دہشت گرد ٹرین کو براہ راست نشانہ نہیں بناسکے۔

حکام کے مطابق اتوار کی صبح چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کی نوعیت کا بغور تعین کیا جا رہا ہے کہ آیا یہ خودکش حملہ تھا، دھماکہ خیز ڈیوائس یا سلنڈر کا دھماکہ۔

یہ زور دار دھماکا جعفر ایکسپریس کے بالکل قریب ہوا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا، اور اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے ٹرین کو جزوی اور قریبی 4 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کی گونج دور دور تک سنی گئی جس سے پورے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دوسری جانب سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل زوروں پر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *