وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور اس وعدے پر ہو بہو عمل کیا گیا ہے، اعلامیہ وزیر اعظم آفس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2026ء) حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22،22 روپے کمی کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور اس وعدے پر ہو بہو عمل کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے کمی اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول پر سبسڈی دی۔ مزید کہا گیا کہ جب خطے کے دوسرے ممالک میں پیٹرول حاصل کرنے کے لیے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بروقت اقدامات کی بدولت عوام کو پیٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ جب دنیا میں تیل کا بدترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 6،6 روپے کمی کی گئی تھی۔ جبکہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 31 روپے گرگئی جبکہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 8 روپے 54 پیسے کمی ہوگئی۔ پیٹرول پر فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی میں 2 روپے 86 پیسے اضافہ ہوگیا جبکہ کسٹم ڈیوٹی 22 روپے75 پسے سے بڑھ کر 25 روپے61 پیسے رہی۔ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 277 روپے6 پیسے سے کم ہوکر268 روپے52 پیسے ہوگیا۔ پیٹرول پر پریمیم فی بیرل 2.90 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پیٹرول پر پریمیم فی بیرل 17.44 ڈالرسےبڑھ کر 20.34 ڈالر ہوگیا، پیٹرول کی فی بیرل قیمت 144.57 ڈالر سے کم ہوکر 138.08 ڈالر رہی۔ ڈیزل ایکس ریفائنری قیمت 322 روپے28 پیسے سے کم ہوکر291 روپے37 پیسے رہی، فی بیرل پیٹرول کی قیمت میں 17ڈالر61 پیسے فی ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی، ڈیزل کی فی بیرل قیمت 169.1 ڈالر سے کم ہوکر151 ڈالر 40 پیسے رہی۔
