ہر100میں سے تقریباً 29 پاکستانی خط غربت سے نیچے ہیں‘ اقتصادی سروے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 11 جون2026ء) قومی اقتصادی سروے 2025-26کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو بڑھ کر 28.9فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح ہر 100میں سے تقریباً 29 شہری خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 8ہزار 483روپے کمانے والا شہری غربت کی لکیر سے اوپر شمار کیا جاتا ہے، جو کہ 30.5 امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔علاقائی اعداد و شمار کے مطابق دیہی علاقوں میں غربت کی شرح 36.2فیصد جبکہ شہری علاقوں میں یہ 17.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبوں کی سطح پر صورتحال کے مطابق سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں 47فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم شرح پنجاب میں 23.3 فیصد رہی۔اسی طرح سندھ میں غربت کی شرح 32.6 فیصد اور خیبرپختونخوا میں 35.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں مجموعی غربت کی شرح میں 2018-19کے بعد دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے، جب یہ شرح 21.9 فیصد تھی۔سروے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مہنگائی اور معاشی دبا کے باعث لاکھوں افراد دوبارہ غربت کی طرف دھکیل دیے گئے ہیں، جبکہ عدم مساوات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔غربت کی پیمائش کا معیار کم از کم ضروری اخراجات پورے کرنے کی صلاحیت کو قرار دیا گیا ہے۔
