عمرکوٹ سندھ (بیوروچیف زیب بنگلانی)
سول سوسائٹی اور پولیس کے درمیان امن، رواداری اور قانون کی بالادستی کے فروغ کے لیے روابط مزید مضبوط بنانے پر زور
ضلع پولیس عمرکوٹ کے ایس ایس پی آفس میں ایک اہم رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایس ایس پی عمرکوٹ محترمہ سہائی عزیز ٹالپر QPM PSP نے کی۔
اجلاس میں سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام (CSSP) کے وفد، کمیونٹی نمائندوں اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پولیس محکمہ اور سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے درمیان جاری تعاون کو مزید مستحکم بنانا، خصوصاً اقلیتی سہولت ڈیسک، ویمن ہیلپ ڈیسک اور 15 ریسکیو سروس کو مزید فعال اور مؤثر بنانا تھا۔
اجلاس کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے شہریوں اور اداروں کے مشترکہ کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے تعاون سے ضلع عمرکوٹ کے 10 شہروں اور علاقوں میں قائم کمیونٹی پیس گروپس، عمرکوٹ سٹیزن فورم اور ڈسٹرکٹ ویمن گروپ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
شرکاء نے پولیس کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایس ایس پی عمرکوٹ محترمہ سہائی عزیز ٹالپر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماجی تنظیمیں معاشرے میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے پولیس کو لاجسٹک معاونت فراہم کرنے، اقلیتی سہولت ڈیسک کے قیام اور ویمن ہیلپ ڈیسک کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرکوٹ میں خواتین کے حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوامی جذبات سے کھیلنے، نفرت انگیز رویوں کی حوصلہ شکنی اور خودکشیوں کی روک تھام جیسے اہم سماجی مسائل کے حوالے سے آگاہی اور عملی اقدامات کے لیے مشترکہ کوششوں کو وسعت دینے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے امن و امان، سماجی ہم آہنگی، انسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ضلع پولیس عمرکوٹ کے ایس ایس پی آفس میں ایک اہم رابطہ اجلاس منعقد ہوا
