ڈیرہ غازی خان میں ہولناک ٹریفک حادثہ، یارو کا رہائشی نوجوان سمیت تین افراد جاں بحق، چار زخمی

ڈیرہ غازی خان میں ہولناک ٹریفک حادثہ، یارو کا رہائشی نوجوان سمیت تین افراد جاں بحق، چار زخمی
(ڈیرہ غازی خان بیوروچیف احمد راجپوت ڈیلی جستجو سے )
ڈیرہ غازی خان شہر کے علاقے دستی پل مانکہ روڈ پر تیز رفتار بلوچ کوچ کے ہولناک حادثے میں یارو کا رہائشی نوجوان اللہ ڈیوایا ولد غلام یاسین سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار بس نے موٹرسائیکل کو بچانے کی کوشش میں بے قابو ہو کر پہلے رکشہ اور پھر موٹرسائیکل کو کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار اللہ ڈیوایا قسمانی اور دو دیگر افراد بس کے نیچے آ کر جان کی بازی ہار گئے۔
حادثے میں چار افراد زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ریسکیو 1122 کی کٹر مشین اور ایمبولینس کئی منٹوں بعد موقع پر پہنچ سکیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ سڑک بڑی بسوں کے لیے مختص نہیں، یہاں صرف چھوٹی گاڑیوں کی آمد و رفت ہوتی ہے، اس کے باوجود بس کا داخلہ سنگین غفلت کا ثبوت ہے۔
حادثے کے بعد بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہو گئے۔ حادثے میں ملوث بس کا نمبر BSB-863 جبکہ موٹرسائیکل کا نمبر 4272-DGO بتایا گیا ہے۔
بعدازاں ریسکیو ٹیمیں اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور غیر قانونی طور پر بڑی بسوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *