وفاقی حکومت نے ملک بھر کے بجلی صارفین پر 132 ارب روپے کا بجلی بم گرا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری2026ء) رمضان کی آمد پر حکومت کا عوام کیلئے مہنگائی کا خصوصی تحفہ، وفاقی حکومت نے ملک بھر کے بجلی صارفین پر 132 ارب روپے کا بجلی بم گرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد پر عوام پربجلی بم گرا دیا گیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کر دئیے ، فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اورنان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین پر عائد کئے گئے۔ماہانہ 100 یونٹ استعمال کے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے ،200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کر دیئے گئے۔نیپرا فیصلے کے مطابق 100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے، ماہانہ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کئے گئے ہیں۔
ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز عائد کئے گئے ہیں، ماہانہ 400 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز 200 روپے اضافے سے 400 روپے کر دیئے گئے۔اسی طرح ماہانہ 500 یونٹ استعمال کے نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 100 روپے اضافے سے فکسڈ چارجز 500 روپے اور ماہانہ 600 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 75 روپے اضافے سے 675 روپے کر دیئے گئے۔نیپرا فیصلے کے مطابق ماہانہ 700 یونٹ تک استعمال پر فکسڈ چارجز 125 روپے کمی سے 675 روپے کر دیئے گئے، ماہانہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال پر فکسڈ چارجز 325 روپے کمی سے 675 روپے کر دیئے گئے۔ بتایا گیا ہے فکسڈ چارجز عائد کیے جانے سے بجلی صارفین کی جیبوں سے 132 ارب روپے اضافی نکالے جائیں گے۔