پاکستانی طلبہ کے لیے سنہری موقع ، ترکیہ کا مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام شروع

انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی نے 2026 کے لیے YTB اور اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستانی طلباء کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔

ترکی نے YTB اور اسلامی ترقیاتی بینک کے مشترکہ اسکالرشپ 2026 کے لیے درخواستیں کھول دی ہیں، جو پاکستانی طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور ترکی کی معروف یونیورسٹیوں میں داخلے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اس اسکالرشپ کے تحت منتخب طلباء کو یونیورسٹی فیس کی مکمل ادائیگی کے ساتھ ماہانہ وظیفہ، رہائش، ہیلتھ انشورنس اور ایک سالہ ترکی زبان کا کورس فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، شرکاء عالمی معیار کی مہارت اور تجربہ حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور قائدانہ پروگراموں میں حصہ لے سکیں گے۔ اسکالرشپ کے دوران طلبہ کو واپسی کے ہوائی ٹکٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔

اہل امیدواروں کا YTB اور اسلامی ترقیاتی بینک کے رکن ممالک کے شہری ہونا ضروری ہے۔ بیچلرز کے لیے عمر کی حد 21 سال، ماسٹرز کے لیے 30 سال اور پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال ہے۔

درخواست آن لائن فارم کے ذریعے جمع کرائی جائے اور تمام تعلیمی دستاویزات، سی وی اور دیگر ضروری دستاویزات شامل ہوں۔

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 فروری 2026 ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار آٹھ مختلف زبانوں میں فارم بھر سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اسکالرشپ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *