
ڈیرہ غازی خان ( چوھدری احمد سے ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق اسحمد چوہدری نے سنٹر آف ایکسی لینس بوائز اسکول ڈیرہ غازی خان میں نئے تعلیمی سال-27 2026 کی داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلیمی افسران، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس بوائز سکول فیض اللہ خان ترین، پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس گرلز شبانہ آفرین، ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی قیصر عباس کاظمی، پرنسپل دانش سکول گرلز شبنم حسیب، وائس پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس عباس مہدی سمیت دیگر اساتذہ اور معزز مہمان بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ نسلِ نو کو معیاری، جدید اور ہمہ جہت تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کا اولین مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ایک روشن اور مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے اور ہم سب کو مل کر یہ یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی بھی بچہ علم کی روشنی سے محروم نہ رہے۔کمشنر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیمی اداروں میں داخل کروا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں اور حکومت کے تعلیمی ویژن میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر پرنسپل فیض اللہ خان ترین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دانش اتھارٹی کے زیر انتظام سنٹر آف ایکسی لینس بوائز اینڈ گرلز ڈیرہ غازی خان میں داخلہ ٹیسٹ 15 فروری اتوار کو منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال سنٹر آف ایکسی لینس بوائز میں میرٹ کی بنیاد پر 405 طلبہ جبکہ سنٹر آف ایکسی لینس گرلز میں 250 طالبات کو داخلہ دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے ادارے کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ادارے مستقبل میں بھی معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔