سیالکوٹ(۔ مہر علی رضا بیورو چیف)
کھروٹہ سیداں پریس کلب کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت سینیئر وائس چیئرمین رانا ندیم رضا منعقد ہوا اجلاس میں کثیر تعداد میں ممبران نے شرکت کی اجلاس تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے شروع ہوا جس میں پریس کلب کھروٹہ سیداں کی مجموعی کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں متعدد اراکین نے پریس کلب کی حالیہ کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا اجلاس میں مشترکہ رائے اور باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سابق چیئرمین رانا محمود کو ان کی ناقص کارکردگی، غیر فعالی اور تنظیمی امور اور عدم توجہی کے باعث چیئرمین شپ سے مستعفی کردیا جائے۔ اراکین نے واضح کیا کہ ادارہ کسی قسم کی غفلت اور عدم فعالیت کا متحمل نہیں ہو سکتا بعد ازاں اتفاقِ رائے سے نامور صحافی اور فعال رکن سید عارف حسین شاہ کو پریس کلب کھروٹہ سیداں کا نیا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ نئے چیئرمین نے اعتماد کے اظہار پر ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پریس کلب کھروٹہ سیداں کو فعال بنانے، صحافیوں کے مسائل حل کرنے اور علاقے کے مسائل کو بھرپور ترجیح کے ساتھ اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے اسی موقع پر تنظیم کے استحکام اور رہنمائی کے لیے معروف سماجی و علاقائی شخصیت شہزادہ سید خرم شاہ کو سرپرستِ اعلیٰ منتخب کیا گیا۔ ان کی نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ممبران نے امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی میں پریس کلب مزید مضبوط، فعال اور متحد ہو گا اجلاس کے آخر میں شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پریس کلب کی ساکھ، صحافتی اقدار اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ تمام اراکین نے نئے عہدیداران کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔