سولر کمپنی کے مالک کی جانب سے جھوٹی درخواست، ڈاکٹر شہزاد علی خان کو بلیک میل کرنے کی واردات سامنے آگئی
اسلام آباد( راشد محمود ستی)— ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد علی خان کے خلاف سولر کمپنی کے مالک کی جانب سے حقائق کے منافی درخواست جمع کرانے کی کوشش سامنے آئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سولر کمپنی کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا جبکہ اب تک 93 لاکھ روپے باقاعدہ طور پر ادا کیے جا چکے ہیں، باقی رقم منصوبہ مکمل ہونے پر ادا کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کمپنی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کا مقصد وائس چانسلر پر دباؤ ڈالنا اور انہیں عہدے سے ہٹوانے کے لیے سازش کرنا ہے۔ ادارے کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شہزاد علی خان نہ صرف ایک قابل، محنتی اور دیانت دار افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں بلکہ ان کے خلاف بے بنیاد شکایات کا مقصد انہیں بدنام اور بلیک میل کرنا ہے۔
باوثوق ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کمپنی کی جانب سے جان بوجھ کراعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ مزید رقم بٹوری جا سکے۔ تاہم متعلقہ حکام معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبے کو میرٹ پر مکمل کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔
ادارے کے ملازمین اور متعلقہ حلقوں نے ڈاکٹر شہزاد علی خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی جھوٹی درخواستوں سے اُن کی شہرت یا کارکردگی متاثر نہیں ہوگی۔