پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر عبدالجبار ستی نے کہا ہے کہ یہ عہدہ اللہ تعالیٰ اور عوام کی امانت ہے
[مری/کوٹلی ستیاں (راشد محمود ستی)] پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مری کے صدر عبدالجبار ستی نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے یہ عہدہ سونپا، یہ ذمہ داری اللہ تعالیٰ اور عوام کی امانت ہے جسے دیانت داری سے نبھایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وہ تمام کارکنان اور جیالوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور پارٹی کو نچلی سطح تک مزید مضبوط کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ان کے دروازے پارٹی کارکنان کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، ماضی میں بھی مشکل حالات میں کارکنان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی یہ روایت برقرار رہے گی، ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں کے تمام کارکنان ان کے لیے خاندان کی مانند ہیں، انہوں نے عہد کیا کہ اس خاندان کو کبھی بکھرنے نہیں دیں گے، عبدالجبار ستی نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافِ رائے جمہوری حسن ہے اور یہی پاکستان پیپلز پارٹی کی پہچان ہے، کارکنان کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے تاہم قیادت کے فیصلوں پر ہمیشہ سرِ تسلیم خم کیا جاتا ہے، خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ان میں ہزاروں خامیاں ہو سکتی ہیں اور وہ انہیں دور کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے، انہوں نے واضح کیا کہ زندگی کی کسی بھی حالت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے نہ کبھی کوئی غلطی کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے۔