سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھ دی

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک نجی ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں جماعت کی مرکزی قیادت، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ 1973 کے آئین کے اصولوں کے مطابق سیاست کرے گی اور ملک میں آئینی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں عام آدمی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے، اسی لیے ان کی جماعت برابری، انصاف اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کو تسلیم کرتا ہے اور اسلامی اصولوں کی ضمانت دیتا ہے، جس پر مکمل عمل درآمد پاکستان رائٹس موومنٹ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق جماعت کا مقصد چند مخصوص طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ اور سماجی و معاشی انصاف کا قیام ہے۔

سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ فوری اور سستا انصاف، آزادیٔ اظہار، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، غربت اور کرپشن کے خاتمے، ماورائے عدالت قتل اور ملٹری آپریشنز کے خاتمے، اور وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے جدوجہد کرے گی۔

مشتاق احمد خان نے موجودہ پارلیمانی نظام کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہارِ رائے پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ بے روزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات کا پھیلاؤ، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن سنگین قومی مسائل کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *