اسلام آباد: حکومت پاکستان نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق نئی کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 373 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر ہو جائے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باوجود غیر معمولی صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ خطے میں معاشی اور جغرافیائی صورتحال کے دوران بعض ممالک میں ایندھن کی راشن بندی جیسے اقدامات کیے گئے، تاہم پاکستان میں مؤثر حکمت عملی کے باعث نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی برقرار رہی بلکہ کسی قسم کی قلت یا طویل قطاروں کی صورتحال بھی پیدا نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری کے ذریعے 129 ارب روپے کے وسائل استعمال کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ بھی براہ راست عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں امن کی فضا قائم ہوئی اور اس کے مثبت معاشی اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر معاشی ٹیم، وفاقی وزرا اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی استحکام، مہنگائی میں مزید کمی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔
