سیالکوٹ (قاری خواجہ صاحب) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ تحصیل سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری چوہدری احسان محی الدین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا عظیم اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمیں صبر، برداشت، ایثار اور حق پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک حق و صداقت، عدل و انصاف اور دین اسلام کی سربلندی کی علامت رہیں گی۔
چوہدری احسان محی الدین نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ باطل کے سامنے جھکنے کے بجائے حق اور انصاف کے لیے ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتبِ فکر کے افراد کو اتحاد، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے عوام الناس بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر اشتعال انگیز مواد سے اجتناب کریں اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے ضروری ہے کہ ہم محرم الحرام کے تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے محبت، اخوت اور برداشت کو فروغ دیں۔چوہدری احسان محی الدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے کربلا کے فیوض و برکات سے امت مسلمہ کو مستفید فرمائے اور پاکستان کو امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔
محرم الحرام میں امن و امان اور شہدائے کربلا کی قربانیوں سے رہنمائی حاصل کی جائے: چوہدری احسان محی الدین
