المرتضیٰ کالونی جیکب آباد میں شہدائے کربلا کی یاد میں سالانہ جلوسِ عزا برآمد، علماء، عمائدین اور عزادارانِ حسینی کی بڑی تعداد میں شرکت

تاریخ 21 جون 2026

جیکب آباد (نامه نگار)

جیکب آباد: المرتضیٰ کالونی جیکب آباد میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں سالانہ جلوسِ عزا نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد کیا گیا۔ یہ جلوسِ عزا مولانا منور حسین سولنگی اور رئیس لیاقت علی سولنگی کی رہائش گاہ سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مدرسہ جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اختتام پذیر ہوا۔

جلوسِ عزا میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی، مجلس علمائے مکتب اہل بیت ضلع جیکب آباد کے صدر مولانا سیف علی ڈومکی، مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد کے متولی اور مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ ضلع جیکب آباد کے صدر سید محمد علی اصغر، ایم این اے سیل کے نمائندہ میر بلخ شیر خان جکھرانی علماء کرام، ذاکرین، ماتمی انجمنوں کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات اور عزادارانِ حسینی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر منعقدہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان دائمی معرکہ ہے اور امام حسین علیہ السلام نے اپنے اہل و عیال اور جانثار ساتھیوں کی قربانی دے کر دینِ اسلام کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کا ذکر، عبادت ہے اور آل محمد ﷺ سے محبت و مودت ہر مسلمان پر فرض ہے۔

مولانا سیف علی ڈومکی نے کہا کہ محبتِ اہل بیت علیہم السلام قرآن و سنت کا تقاضا ہے۔ اور ذکر حسین علیہ السلام سنت رسول ﷺ ہے۔ انہوں نے واقعۂ کربلا کو امت مسلمہ کے لیے حریت، عدل، استقامت اور قربانی کا عظیم درس قرار دیا۔

جلوسِ عزا کے دوران معروف نوحہ خواں جناب عرفان علی درویش نے بارگاہِ اہل بیت علیہم السلام میں پرسوز نوحہ خوانی اور نذرانۂ عقیدت پیش کیا جبکہ عزادارانِ حسینی نے ماتم داری کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جلوس کے موقع پر پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ اسی طرح ریسکیو سروس 1122 کے انچارج نور حسین کٹو اور ان کی ٹیم نے جلوس کے شرکاء کے لیے ایمبولینس فراہم کرکے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *